ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ویزا فری انٹری یا مہاجرین ڈیل ختم، ترکی کا الٹی میٹم

ویزا فری انٹری یا مہاجرین ڈیل ختم، ترکی کا الٹی میٹم

Tue, 02 Aug 2016 14:23:41  SO Admin   S.O. News Service

انقرہ2؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ترکی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر یورپی یونین نے مہاجرین سے متعلق ڈیل کے تحت ترک باشندوں کو شینگن ممالک کے لیے ویزا کی پابندی ختم نہ کی ، تو ترکی یہ ڈیل ختم کر دے گا۔ترک وزیرخارجہ مولوت چاؤس آؤلو نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یورپی یونین نے مہاجرین کے بہاؤ کو روکنے کے لیے جو معاہدہ کیا تھا، اس کی مکمل پاس داری کرے، ورنہ ترکی پر بھی اس پرعمل درآمد لازم نہ رہے گا۔یورپی یونین اور ترکی کے درمیان رواں برس مارچ میں ایک معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت ترک ساحلوں سے بحیرہء ایجیئن کے راستے یونان پہنچنے والے مہاجرین کو روکنے کے عوض ترکی سے وعدہ کیا گیا تھا کہ اس کے باشندوں کے لیے شینگن ممالک کے سفر کے لیے ویزے کی پابندی ختم کر دی جائے گی۔ اس ڈیل میں کہا گیا تھا کہ ترکی یونان جانے والے غیرقانونی تارکین وطن کو روکے، جب کہ یونان میں موجود مہاجرین کو واپس لے، جس کے بدلے میں ترکی کوتین ارب یورو کی امداد دی جائے گی، تاکہ وہ یہ سرمایہ اپنے ہاں موجود مہاجرین کی بہبود پر خرچ کر سکے۔خبر رساں ادرے روئٹرز کے مطابق اس معاہدے پر ترکی کی جانب سے عمل درآمد کے باوجود اب تک یورپی رہنما ترک باشندوں کو یورپی ممالک کے سفر کے لیے ویزے کی شرائط ختم کرنے پر متفق نہیں ہو پائے ہیں۔ یورپی یونین کی جانب سے ترکی کو مطالبات کی ایک فہرست دی گئی ہے، جس میں انقرہ حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ہاں انسدادِ دہشت گردی سے متعلق قوانین کو یورپی قوانین سے ہم آہنگ کرے۔ اس کے علاوہ ترکی میں آزادیء رائے اور آزادیء اظہار پر لگائی جانے والی قدغنیں ختم کرنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔ ترکی میں بغاوت کی حالیہ ناکام کوشش کے بعد حکومت نے تختہ الٹنے کی اس ناکام سازش کے مبینہ ملزمان کے خلاف سخت ترین کریک ڈاؤن شروع کر رکھا ہے، جس پر یورپی یونین کی طرف سے تحفظات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔چاؤس آؤلو نے جرمن اخبار فرانکفُرٹر الگمائنے سے بات چیت میں کہا کہ اس معاہدے کے بعد انقرہ حکومت کی جانب سے ٹھوس اور سخت اقدامات اٹھائے گئے، جس کی وجہ سے بحیرہء ایجیئن کے ذریعے یورپی یونین جانے والے مہاجرین کی تعداد میں خاطر خواہ کمی آئی۔ مگر یہ پورا معاہدے ہمارے شہریوں کے لیے ویزے کی شرائط کے خاتمے سے نتھی ہے۔ 18 مارچ کے اس معاہدے کا یہ بھی حصہ تھا۔پیر کے روز جرمن اخبار میں شائع ہونے والے اپنے انٹرویو میں آؤلو نے مزید کہا، اگر ویزے کی پابندی ختم نہیں ہوتی، تو ہم بھی مجبور ہو جائے گے کہ مہاجرین کو واپس لینا بھی روک دیں اور 18مارچ کی یہ ڈیل مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ان کاکہناتھاکہ ایسا اکتوبر کے شروع یا وسط تک ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں ہم ایک حتمی تاریخ کی بابت سوچ رہے ہیں۔

لیبیا میں بھی داعش کے خلاف امریکی حملوں کا آغاز
طرابلس2؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکا نے تیل کی دولت سے مالا مال لیبیا میں بھی داعش کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس طرح داعش کے خلاف ایک نیا محاذ کھول دیا گیا ہے۔ امریکی طیاروں نے پیر کے روز داعش کے مضبوط گڑھ سیرت میں حملے کیے۔ اطلاعات کے مطابق ان حملوں کی درخواست لیبیا کی اس حکومت نے کی تھی، جسے مغربی دنیا کی حمایت حاصل ہے۔ مغرب کی حمایت یافتہ حکومت اس علاقے میں گزشتہ دو ماہ سے داعش کے خلاف لڑائی جاری رکھے ہوئے تھی۔ پینٹاگون کے ایک ترجمان پیٹرکُک کا کہنا تھا کہ ان فضائی حملوں کی اجازت صدر باراک اوباما کی طرف سے دی گئی ہے۔ امریکی خفیہ ادارے کے مطابق اس ملک میں تقریبا چھ ہزار داعش کے جنگجو موجود ہیں۔


Share: